ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب:گھریلو ٹیوشن سینٹرز کو رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی تجویز زیرِغور

پنجاب:گھریلو ٹیوشن سینٹرز کو رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی تجویز زیرِغور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض: پنجاب حکومت نے نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے یکساں پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے گھروں میں محدود پیمانے پر قائم ٹیوشن سینٹرز کو رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نجی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کرے گا، جنہیں منظوری کے بعد پورے پنجاب میں یکساں طور پر نافذ کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت صرف کمرشل بنیادوں پر قائم اکیڈمیز اور بڑے ٹیوشن سینٹرز کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگی، جبکہ گھروں میں محدود سطح پر چلنے والے ٹیوشن سینٹرز کو اس شرط سے مستثنیٰ رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایجوکیشن اتھارٹیز نے حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ گھروں میں قائم ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن پر عملدرآمد عملی طور پر ممکن نہیں، اسی لیے انہیں رجسٹریشن سے استثنیٰ دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایس او پیز کی حتمی منظوری کے بعد نجی تعلیمی اداروں سے متعلق آرڈیننس میں ضروری ترامیم بھی کی جائیں گی۔

دوسری جانب لاہور میں غیر رجسٹرڈ نجی سکولوں کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے 30 سکولوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

 محکمہ تعلیم نے ان اداروں کو متعدد بار رجسٹریشن کرانے کے نوٹسز جاری کیے، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

  ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے متعلقہ سکولوں کو سیل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے باضابطہ تعاون اور کارروائی کی درخواست کر دی ہے۔

دوسری جانب شہر بھر میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کے سروے کی ڈیڈ لائن میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود کے مطابق آج شہر کے تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سکولوں کا سروے مکمل کر لیا جائے گا۔

 انہوں نے بتایا کہ اب تک 744 سے زائد سکولوں کو رجسٹریشن سے متعلق نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا عمل جاری رہے گا۔