سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کی نجکاری حکومت کے اڑان پاکستان اقدام کا حصہ ہے، نجکاری کے عمل میں کسی قسم کا تعطل ناقابل قبول ہے۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے قیمتی وسائل کا نقصان کرنے والے اداروں میں مزید ضیاع کی اجازت نہیں دوں گا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری کے عمل کی نگرانی کے لیے بنائے گئے ٹاسک مینجمنٹ ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعین کردہ اداروں کی نجکاری کے عمل کو شفافیت پر سمجھوتا کیے بغیر تیز کیا جائے، نجکاری عمل میں قانونی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے وکلا کی خدمات لی جائیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ ملکی اداروں کی نجکاری حکومت کے اڑان پاکستان اقدام کا حصہ ہے، نجکاری کے عمل کی خود نگرانی کر رہا ہوں، کسی قسم کا تعطل قبول نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پالیسی اقدمات اور سہولت فراہم کرنا ہے، بروقت ضروری اصلاحات سے معیشت کی بہتری کی جانب تیزی سے گامزن ہیں۔