زاہد چودھری: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ( یو ایچ ایس) اور رائل کالج آف فزیشنز لندن کے درمیان پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل تعلیم میں تعاون پر اتفاق ہوگیا۔
وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر نادیہ نسیم کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں رائل کالج آف فزیشنز لندن کے نمائندگان نے آن لائن شرکت کی۔ رائل کالج کی نمائندگی ایسوسی ایٹ گلوبل ڈائریکٹر پریتم بودانا اور گلوبل پراجیکٹ منیجر نا نوئی نے کی۔
اجلاس میں یو ایچ ایس اور آر سی پی لندن کے درمیان مشترکہ امتحانات اور تعلیمی سرگرمیوں کی تجویز پر غور کیا گیا، جبکہ ویبینارز، سی ایم ایز، ٹرینی ایکسچینج اور مشترکہ تحقیق کو تعاون کے اہم شعبے قرار دیا گیا۔
پاکستانی پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کے لیے عالمی سطح پر تعلیمی مواقع بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ایم ڈی اور ایم ایس ڈاکٹرز کے لیے ایم آر سی پی امتحان میں مختلف سطحوں پر استثنیٰ کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔
پہلے مرحلے میں مشترکہ امتحانات اور سی ایم ایز شروع کیے جائیں گے، جبکہ آر سی پی لندن کی ٹیم یو ایچ ایس کے کلینیکل امتحانات کا جائزہ لے گی۔ یو ایچ ایس کے کلینیکل امتحانات نومبر اور دسمبر 2026 میں شیڈول ہیں۔
اجلاس میں ایم ڈی اور ایم ایس ڈاکٹرز کے برطانیہ میں کنسلٹنٹ سطح پر رجسٹریشن کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ یو ایچ ایس کے ڈائریکٹر پوسٹ گریجوایٹ اسٹڈیز پروفیسر آصف نوید نے پروگرامز پر بریفنگ دی۔