ویب ڈیسک : سید اصغر علی شاہ عرف سخی جام داتارؒ کے 754ویں سالانہ عرس کے موقع پر شہید بینظیر آباد کے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے ضلع بھر میں (پیر) 17 نومبر 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اتوار کی چھٹی ساتھ ہونے کے بعد سٹوڈنٹس اور شہری ایک ساتھ دو چھٹیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 17 نومبر بروز پیر تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور عوامی محکمے بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ تین روزہ عرس کی تقریبات 17 نومبر سے 19 نومبر تک تاریخی قصبے جام صاحب میں منعقد ہوں گی، جن میں سندھ بھر سمیت ملک کے مختلف حصوں سے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ عرس کے دوران روحانی محافل، دعا و مناجات، صوفیانہ موسیقی اور لنگر کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے عرس کے موقع پر سیکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اسکے علاوہ اہم داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں جبکہ میڈیکل کیمپس اور کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق ضلعی سطح پر مختلف محکمے عرس کی تقریبات کے دوران سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔