(احمد منصور) پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کامیاب ریسکیو آپریشن،آپریشن کے دوران پاک بحریہ کی امدادی ٹیم نے تجارتی بحری جہاز ”ایم وی گوتم‘‘پر موجود عملے کے 7 ارکان جن میں 6 بھارتی اور 1 انڈونیشیائی شامل تھا، ان کو بروقت ہنگامی امداد فراہم کی۔
تفصیلات کے مطابق عمان سے بھارت جانے والے”ایم وی گوتم‘‘میں تکنیکی خرابی پر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے مدد کی اپیل کی تھی ۔ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہاز "کشمیر" کو امدادی آپریشن کے لئے فوری روانہ کیا۔پی ایم ایس ایس ”کشمیر‘‘ نے متاثرہ جہاز پر موجود بھارتی اور انڈونیشیائی عملے کو خوراک، طبی امداد اور تکنیکی معاونت فراہم کی ۔
پاک بحریہ کا کامیاب آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور قومیت سے بالاتر ہو کر بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر مدد کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔