ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر اعظم سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد کی ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیر اعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج دشمن کے خلاف ہر دم تیار ہیں، بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کے خلاف پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی مانند پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے لیکن اپنے دفاع کی حفاظت کے حوالے سے منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پہلگام واقعے کے بعد سے بھارت کا اشتعال انگیز رویہ انتہائی افسوسناک ہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے نا صرف پہلگام واقعے پر تشویش کا اظہار کیا بلکہ واقعے کی غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کا بھی کہا، بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو واقعے سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو  واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو غیر قانونی طور معطل کرنے غغکرنا اور اسے آبی جارحیت کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے کیونکہ پانی پاکستانی عوام کے لیے ریڈ لائن کی حیثیت رکھتا ہے، بھارتی جارحیت بے نقاب کرنے کے حوالے سے پاکستان بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور دنیا کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کرنے کے لئے میری کئی ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سیکورٹی  کونسل میں بھی اس مسئلہ کو بھرپور طور پر اٹھائے گا، تاکہ دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائے اور اس کے عزائم سے آگاہ کرے ۔ 

 پیپلز پارٹی کے وفد نے اس موقع پر کی جانے والی گفتگو  میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سمیت ملک کی تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کے دفاع اور حفاظت کے حوالے سے متحد ہیں، پاکستان کے دفاع کی خاطر ہم پاکستان کی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ 

وفد نے بھارتی جنگی عزائم دنیا کے سامنے رکھنے پر وفاقی حکومت کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ 

حکومت نے سب سے بڑی اتحادی جماعت  کے ساتھ وفاقی بجٹ پر مشاورت کا آغاز کر دیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم تمام معاملات میں مشاورت کو ترجیح دیتے ہیں۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2025-2026 کے حوالے سے تجاویز دیں۔ بجٹ پر مشاورت کا پہلا دور تھا. حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت جاری رکھے گی۔ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومت کی توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ملاقات  میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دو مہینوں میں تقسیم کار  کمپنیاں صوبائی حکومتوں کے حوالے کردی جائیں گی۔ 

پی پی وفد میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی،گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی اور نوید قمر شامل تھے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ملاقات میں موجو د تھے۔ اس کے علاوہ حکومتی وفد میں طلال چوہدری،وزیر خزانہ ، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ شامل تھے،ملاقات میں آئندہ مالی سال کی بجٹ تجاویز پر بات چیت ہوئی۔