ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسحاق ڈار سے ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار سے ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے ایرانی قیادت کی طرف سے پرخلوص تہنیتی پیغامات پہنچائے, انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی تہران کی خواہش کا اعادہ کیا ۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وفد کا خیرمقدم کیا۔ اسحاق ڈار نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کو اجاگر کیا, اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی اور علاقائی رابطے سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں راہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے جنوبی ایشیا میں شدید کشیدگی پر پاکستان کے سنگین تحفظات سے آگاہ کیا, جو کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے اشتعال انگیز رویے کا نتیجہ ہیں, انہوں نے واقعے میں پاکستان کو ملوث کرنے کی بے بنیاد کوششوں کو سختی سے مسترد کیا, انہوں نے شفاف، غیر جانبدار اور بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ دہرایا تاکہ حقائق سامنے آ سکیں, انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ایسے الزامات دراصل مسئلہ جموں و کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی ایک چال دکھائی دیتے ہیں ۔ 

اسحاق ڈار نے دہشت گردی کی تمام اشکال کی پاکستان کی طرف سے مذمت کا اعادہ کیا, انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کلیدی کردار اور قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی۔ 

دونوں ممالک نے خطے میں اقتصادی اور تزویراتی تعاون کے لیے باہمی افہام و تفہیم بڑھانے پر اتفاق کیا, فریقین نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ نائب وزیر اعظم نے اس نازک مرحلے پر ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کو سراہا۔