سٹی 42 : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آج انڈونیشیا کے صدر عزت مآب پرابوو سوبیانتو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کے ساتھ ساتھ دوسرے برادر خلیجی ممالک پر بعد میں ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے انڈونیشیاء کے صدر کو بحران کے تناظر میں تمام خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کی سفارتی رابطے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ تمام معاملات کو تعمیری بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات پر زور دیا۔
ٹیلی فون کال کے دوران وزیراعظم نے صدر پرابوو سوبیانتو کو افغانستان کے حوالے سے حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے آنے والے دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا.
قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس کو ایران سے پاکستانیوں کے انخلاء کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ایران سے پاکستانی بحفاظت وطن واپس پہنچ رہے ہیں، آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ پوری طرح متحرک ہے. وزیرِ اعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ اس ساری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارتخانے پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ہر دم میسر رہیں.