ویب ڈیسک: سکھر بیراج پر جاری مرمت اور دروازوں کی تبدیلی کے دوران ایک حادثہ پیش آیا جب گیٹ نمبر 46 اور 47 کے قریب تعمیر کیا گیا عارضی حفاظتی بند ٹوٹ گیا۔
ذرائع کے مطابق بیراج کے دروازوں کی تبدیلی کے سلسلے میں جاری کام کے دوران اچانک پانی کا دباؤ بڑھنے سے عارضی بند متاثر ہوا، جس کے نتیجے میں وہاں نصب زیرِ استعمال مشینری کو نقصان پہنچا۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی کارکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد متعلقہ تکنیکی عملہ اور انجینئرز موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے۔
مزید برآں، مرمتی ٹیمیں عارضی بند کی دوبارہ بحالی اور متاثرہ حصے کی جانچ میں مصروف ہیں تاکہ کام کو محفوظ انداز میں دوبارہ شروع کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ سکھر بیراج سندھ کے اہم ترین آبی ڈھانچوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں وقتاً فوقتاً دروازوں اور دیگر حصوں کی مرمت و تبدیلی کا کام کیا جاتا ہے تاکہ نہری نظام کو مؤثر اور محفوظ رکھا جا سکے۔
اس بیراج سے نکلنے والی نہریں صوبہ سندھ کے بڑے زرعی علاقوں کو پانی فراہم کرتی ہیں، اس لیے کسی بھی قسم کی تکنیکی خرابی یا حادثہ فوری توجہ کا متقاضی ہوتا ہے۔
دوسری جانب گزشتہ برس سکھربیراج اپگریڈیشن منصوبے سے متعلق سپرنٹنڈنٹ انجینیئر سکھر بیراج نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو خط میں کہا تھا کہ لگائے گئے نئے دروازوں میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے۔
خط میں مزید بتایا گیا کہ تین لاکھ کیوسک پانی کے بہاؤ کے دوران دروازوں میں وائبریشن پیدا ہوتی ہے، دروازوں کو اوپرنیچے کرنے والے وہیل اور نٹ بولٹس میں ایک ماہ کے اندر زنگ لگ گیا تھا۔