زاہدبشیرچودھری :لانگ مارچ سے قبل وفاق سے 14 ہزار سیکیورٹی اہلکار طلب کرلئے گئے۔
آئی جی آزادکشمیر کی جانب سے چیف سیکرٹری اور سیکرٹری داخلہ کو لکھے گئے مراسلے میں9 جون کوہونےوالے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ اوراحتجاج پر سیکیورٹی فورسز طلب کی گئی ہیں۔آزاد کشمیر میں داخلے کے تمام راستوں پر سخت چیکنگ کا حکم بھی دے دیاگیاہے،قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ پرہیں ، داخلی و خارجی راستے مانیٹر ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت سے آزاد کشمیر آنے والوں کی اسکریننگ بھی لازمی قراردے دی گئی ہے،مشکوک افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 6000 اورپاک آرمی کے 5000 جوان بھی سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے طلب کرلئے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کے 2000 اہلکاربھی آزاد کشمیر میں تعینات کرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔سندھ پولیس کے 1000 اہلکار بھی سکیورٹی پلان کا حصہ ہیں،60 فیصد نفری داخلی راستوں اور اہم پوائنٹس پر تعینات ہو گی جبکہ باقی40 فیصد نفری حساس اضلاع میں گشت اور مانیٹرنگ پر مامور ہو گی۔
سکیورٹی پلان 7 جون سے 21 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گا،آئی جی آزاد کشمیر کی جانب سے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے،آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے سفری ایڈوائزری بھی جاری کردی گئی ہے جس میں سیاحوں کو 15 روزتک محتاط رہنے کی ہدایت کرنے کے علاوہ عوام سے سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی اپیل کی گئی ہے۔