فاران یامین:شہر میں صبح سے ہی سورج کی تپش محسوس کی جانے لگے۔
شہر کی فضا میں چھائے بادل چھٹ گئے،درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا۔محکمہ موسمیات نے شہر کا مطلع صاف رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے میں بارش کا کوئی امکان نہیں،محکمہ موسمیات نے شہر کا موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔شہر کے درجہ حرارت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہوگا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شہریوں کی عید گرمی اور تپش میں گزرے گی۔
دوسری جانب بلوچستان میں عیدالاضحیٰ کے دنوں میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق عید الاضحیٰ کے دنوں میں بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجۂ حرارت انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے۔ سبی، نصیرآباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جعفرآباد میں درجۂ حرارت 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح ڈیرہ بگٹی، دکی، ہرنائی، جھل مگسی، کچھی، چاغی، واشک، خاران اور کیچ میں بھی موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، خضدار، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ میں درجۂ حرارت معمول سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان جبکہ پشین، لورالائی، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور شیرانی میں بھی درجۂ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بڑھتا ہوا درجۂ حرارت چاغی میں دھول کا طوفان اور آندھی پیدا کر سکتا ہے جبکہ واشک، خاران، کیچ، پنجگور، سبی،کوئٹہ، سوراب، مستونگ اور نوشکی میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے ہفتے کی شام تک جیوانی، گوادر، پسنی اور اورماڑہ میں تیز سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔