سٹی 42: ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ کی تقریبات کے دوران ان کے تین بیٹے مصطفیٰ، میثم اور مسعود خامنہ ای نے والد کے تابوت کے ساتھ نماز ادا کی، تاہم نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای تقریب میں نظر نہیں آئے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق نماز جنازہ تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں ادا کی گئی، جہاں آیت اللہ خامنہ ای کے ساتھ ان کے خاندان کے دیگر افراد کے تابوت بھی موجود تھے۔ نماز جنازہ میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر محمد باقر قالیباف، اعلیٰ حکام، فوجی افسران اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
رائٹرز کے مطابق نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کی تقریب میں عدم موجودگی پر سرکاری طور پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، جبکہ ذرائع کے مطابق وہ حملے میں زخمی ہوئے تھے اور سیکیورٹی خدشات کے باعث عوامی تقریبات سے دور ہیں۔
حکام کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کے سلسلے میں آئندہ چند روز کے دوران تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں بھی بڑے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔