شاہد سپرا: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے گزشتہ سال پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والے حجاج کرام سے فیڈ بیک اور شکایات طلب کر لی ہیں۔
وزارت نے حجاج کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی منظم (آرگنائزر) یا شیئر ہولڈر کمپنی کے خلاف اپنی شکایات اور اعتراضات 20 جولائی 2026 تک جمع کرا سکتے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حجاج کرام اپنی دستخط شدہ شکایات متعلقہ ثبوتوں اور دستاویزی شواہد کے ساتھ وزارت کو ارسال کریں تاکہ ان کی مکمل جانچ مقررہ طریقہ کار کے مطابق کی جا سکے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات کو پرائیویٹ حج آرگنائزرز اور شیئر ہولڈر کمپنیوں کی لائسنس ری ویلیڈیشن، تجدید یا منسوخی کے عمل میں اہم بنیاد کے طور پر مدنظر رکھا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق کمپنیوں کے لائسنسوں سے متعلق حتمی فیصلہ ان کی مجموعی کارکردگی اور موصول ہونے والی شکایات کی جانچ کے بعد کیا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے یہ بھی بتایا کہ منظم اور شیئر ہولڈر کمپنیوں سے 5 فیصد پرفارمنس گارنٹی بھی حاصل کی گئی ہے تاکہ حجاج کرام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ناقص کارکردگی کی صورت میں مؤثر کارروائی ممکن ہو۔
ترجمان نے واضح کیا کہ حجاج کرام اپنی شکایات بذریعہ ڈاک یا ای میل 20 جولائی 2026 تک وزارت مذہبی امور کو ارسال کر سکتے ہیں، جبکہ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی شکایات قابلِ سماعت نہیں ہوں گی۔