ثمرہ فاطمہ: شہر میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث موسم میں مزید بہتری آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سورج کی تیز دھوپ نہ ہونے سے گرمی کی شدت میں نسبتاً کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران درجہ حرارت 31 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہوا 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے، جس سے موسم قدرے خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے کے دوران بھی لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان برقرار رہے گا، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی اور موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ تاہم شہریوں کو ممکنہ بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب شہر قائد میں آج موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت ہی درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شام کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، صبح کے وقت درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید برآں، گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔