سٹی42 : پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث ،عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے،ظلم و جبر کے شکار لوگوں کیلئے امام حسین کی مثال صبر ،برداشت ،ظلم کیخلاف مزاحمت تاریکی میں امید کا دیا جلائے رکھتی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ نےعاشورہ محرم پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ طاقت کے استعمال سے ظلم و جبر کے شکار لوگوں کیلئے حضرت امام حسین کی مثال صبر ،برداشت اور ظلم کے خلاف مزاحمت تاریکی میں امید کا دیا جلائے رکھتی ہے،نبی کریم حضرت محمد ۖ کے محبوب نواسے اسلام کی اخلاقی اساس کی حفاظت کیلئے ڈٹے رہے اور انسانیت کی تاریخ میں اپنی شجاعت، بہادری اور ایمان کی طاقت کے ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کے خلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے ایک اصولی موقف تھا،اس جرتمندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کیلئے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسین کے ساتھی جو اس پرآشوب دن میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے ہمیں وفاداری، راست بازی اور حق و انصاف کیلئے جدوجہد کرنے والوں کا ساتھ دینے کی اہمیت سکھاتے ہیں،کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوث اور عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے۔