ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل، 216دہشت گرد جہنم واصل

بلوچستان میں آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل، 216دہشت گرد جہنم واصل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42 : بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 216دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔ 

  آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران انٹیلی جنس بنیادوں پر مربوط اور تیز کارروائیاں کی گئیں،بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کو نشانہ بنا کر امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔

 ترجمان  آئی ایس پی آر نے بتایا کہ29 جنوری 2026 کو پنجگور اور ہرنائی کے نواح میں کارروائیاں مصدقہ خفیہ اطلاعات پر شروع کی گئیں،سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی نیٹ ورکس سے وابستہ 41 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے جارحانہ اور مؤثر ردعمل نے فتنہ الہندوستان کے بلوچستان کا امن خراب کرنے کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے،بعد ازاں متعدد علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے دہشت گردوں کے سلیپر سیلز کے خاتمے کے لیے کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کیے گئے،مربوط منصوبہ بندی اور مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 216 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیت کو شدید نقصان پہنچا،کارروائیوں میں غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر سازوسامان کی بڑی مقدار برآمد ہوئی،آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں شہید ہوئے،22 جوانوں نے مادر وطن کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق قوم شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے ،دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشت گردی آپریشنز پوری قوت سے جاری رہیں گے،آپریشن ردالفتنہ ون بلوچستان اور پاکستان کے عوام کے امن، اتحاد اور ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
 

Ansa Awais

Content Writer