لاہور جلسے کی تیاریوں کی زمہ داری مریم نواز خودسنبھالیں گی

لاہور جلسے کی تیاریوں کی زمہ داری مریم نواز خودسنبھالیں گی

(سٹی42) ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے 13 دسمبرکو لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں خود میدان میں اترنےکا فیصلہ کرلیاہے۔

 تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے13 دسمبرکے جلسے سے قبل عوامی رابطہ مہم، ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول بھی جاری کردیاگیا ہے۔ماڈل ٹائون لاہور میں پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خان کا چیلنج قبول کرتے ہیں، مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔

 رانا مشہود کا کہنا تھاکہ جلسے کوکامیاب بنانےکے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، مریم نواز شہریوں کو متحرک کرنے خود شہرکے دورے کریں گی اور مختلف جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی، اس کے علاوہ وہ جاتی عمرہ سے نکلنے والی موٹر سائیکل ریلی کی قیادت بھی کریں گی۔

سائرہ افضل تارڑ کاکہنا تھاکہ مریم اگرجیل گئیں تو سیاسی طور پرمتحرک ہونےکی وجہ سے جائیں گی کسی جرم کی وجہ سے نہیں، عمران خان اب سوچ لیں انھوں نے عزت سے گھر جانا ہے یا عوام ان کو نکال باہر کریں۔

لیگی رہنمائوں کا کہنا تھاکہ سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے، عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی عذاب ہوچکا ہے۔