ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فلائی دبئی کی پرواز میں پاکستانی مسافر پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام، تھائی لینڈ میں حراست میں لے لیا گیا

فلائی دبئی کی پرواز میں پاکستانی مسافر پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام، تھائی لینڈ میں حراست میں لے لیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: اٹلی سے دبئی کے راستے تھائی لینڈ جانے والی فلائی دبئی کی ایک پرواز میں پاکستانی شہری کو خاتون مسافر کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں بینکاک پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ تھائی خاتون نے الزام عائد کیا کہ میلان سے بینکاک جانے والی پرواز کے دوران جب وہ اپنی چار سالہ بیٹی کو گود میں لیے سو رہی تھیں تو ان کے برابر میں بیٹھے 30 سالہ پاکستانی مسافر نے مبینہ طور پر ان کے ساتھ نازیبا حرکات کیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ اس دوران جاگ گئیں، جس کے بعد ملزم نے اپنی حرکت کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے ایسا ظاہر کیا جیسے وہ اپنی نشست کے سامنے موجود اسکرین کو درست کر رہا ہو، تاہم وہ مسلسل ان کی جانب دیکھتا رہا۔

رپورٹ کے مطابق خاتون نے فوری طور پر فضائی عملے کو آگاہ کیا، جس پر عملے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بینکاک کے ڈان میوانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر متعلقہ حکام کو اطلاع دے دی۔ طیارہ لینڈ کرتے ہی پولیس نے پاکستانی مسافر رضا علی کو تحویل میں لے لیا۔

خاتون کے مطابق ابتدائی طور پر ملزم نے الزامات کی تردید کی، تاہم بعد ازاں مبینہ طور پر معافی مانگنے لگا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے انہیں معاف کرنے کی درخواست کی، جبکہ اس کے ساتھ سفر کرنے والے بعض افراد نے بھی صلح کی اپیل کی۔

تھائی پولیس کے مطابق ملزم کو تاحال ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جبکہ خاتون کا تفصیلی بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے تحت ابتدائی مرحلے میں فریقین کے درمیان مصالحت کی کوشش معمول کے مطابق کی جا سکتی ہے، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

خاتون نے واضح کیا کہ وہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھیں گی اور ہرجانے کا بھی مطالبہ کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی شناخت ظاہر کرنے کا مقصد دیگر خواتین کو آگاہ کرنا ہے تاکہ وہ ایسے کسی واقعے کی صورت میں خاموش رہنے کے بجائے فوری طور پر فضائی عملے سے مدد طلب کریں۔

دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ جاری تحقیقات اور مسافروں کی رازداری کے پیش نظر کمپنی اس معاملے پر مزید تبصرہ نہیں کرے گی، تاہم مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔