ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان اور آسٹریلیا میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور آسٹریلیا میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سینئر حکام کے مذاکرات کا نواں دور اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دسواں اجلاس آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر حکام کے مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی نے، جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی محکمہ خارجہ و تجارت (DFAT) کی فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری سارہ اسٹوری نے کی۔

مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تعلیمی اور دفاعی تعاون کا جامع جائزہ لیا گیا۔ انسداد دہشت گردی، سیکیورٹی، ٹرانس نیشنل کرائم، سائنس و ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفد نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جبکہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی آسٹریلوی حکام کو پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کا دسواں اجلاس بھی کینبرا میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری تجارت جواد پال خواجہ نے کی، جبکہ آسٹریلوی وفد کی سربراہی سارہ اسٹوری نے کی۔

اجلاس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ زراعت، لائیو اسٹاک، آئی ٹی، کان کنی اور سروسز سیکٹر میں تعاون بڑھانے، پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کی آسٹریلوی مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے اور عالمی تجارتی رجحانات کے اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں ممالک نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون بڑھانے اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ مذاکرات کے دوران دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے تعاون کے نئے مواقع بھی تلاش کیے گئے۔