(ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شین وارسک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چرغ بھی ہلاک ہونے والوں دہشتگردوں میں شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں 31 سالہ سپاہی حامد رسول بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے، مقابلے میں 2 افسروں سمیت سیکیورٹی فورسز کے چار اہلکار زخمی ہوئے۔
دہشتگردوں کی کمین گاہوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ دہشتگرد معصوم افراد کے قتل و غارت اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد کاروائیوں میں سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مادرِ وطن کے جانباز سپاہی دہشتگردی کے ناسُور کو مٹانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے، سیکیورٹی فورسزز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔