(سٹی 42)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شہباز شریف کے گھر پر نیب کے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی احتساب کی نہیں سیاسی انتقام کی مخالفت کرتی ہے۔
شہباز شریف کی رہائش گاہ پر نیب کے چھاپے پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ اگر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے گھر پر نیب نے بغیر وارنٹ کے چھاپہ مارا ہے تو یہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی احتساب کی نہیں سیاسی انتقام کی مخالفت کرتی ہے، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قبول نہیں، ایک بار پھر حکومت نے آمرانہ اور غیرجمہوری حرکت کی ہے۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے گھر پر حمزہ شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے بغیر وارنٹ چھاپہ مارا تھا، ایک گھنٹہ تک گھر کی تلاشی لی، اطلاع ملنے پر کارکن شہباز شریف کی رہائش گاہ کے باہر پہنچ گئے اور گیٹ پر دھرنا دیدیا جس کے بعد نیب ٹیم کسی کو گرفتار کیے بغیر روانہ ہوگئی۔