جنید ریاض: نہم کے خراب نتائج کے بعد محکمہ تعلیم نے بورڈ میں 20 سے کم طلبہ کی رجسٹریشن والے سیکڑوں سکولوں کا ہائی کا درجہ ختم کرنے پر غور شروع کردیا جبکہ ایسے سکولوں کو دوبارہ مڈل کا درجہ دیے جانے کی تجویز زیرِ غور ہے۔
لاہور کے گورنمنٹ ہائی سکول سینٹ فرانسسز نیو انارکلی میں میٹرک کلاس میں 10 سے بھی کم طلبہ داخل ہیں، جبکہ گورنمنٹ پاکستان ماڈل سکول رحمان پورہ میں 20 سے کم طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔ گورنمنٹ ہائی سکول سنت نگر میں بھی میٹرک کے طلبہ کی تعداد انتہائی کم ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب بھر میں سیکڑوں سکول ایسے ہیں جہاں میٹرک کلاس میں طلبہ کی تعداد 20 سے کم ہے۔ مذکورہ سکولوں سے ہائی کا درجہ واپس لے کر انہیں مڈل سکول کا درجہ دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
ہائی کا درجہ واپس لیے جانے کی صورت میں ان سکولوں میں زیرِ تعلیم میٹرک کے طلبہ کو قریبی سکولوں میں منتقل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب سی ای او ایجوکیشن لاہور طارق محمود نے کہا ہے کہ نہم جماعت کے خراب نتائج پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 30 فیصد سے کم نتائج دینے والے سکولوں سے جواب طلبی کرلی گئی ہے۔