ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

دریا برد ہونےوالی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک گرفتار

دریا برد ہونےوالی ہاؤسنگ سوسائٹی کا مالک گرفتار

سٹی42:  لاہور میں ہزاروں غریبوں کی جمع پونجی، زندگی بھر کی مشقت سے بنائے گھر راوی کے سیلاب  میں غرق کرنے کے ذمہ دار نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔  اینٹی کرپشن کے ترجمان نے گرفتاری کی تفصیل جاری کر دی۔

لاہور میں آج جمعرات کے روز اینٹی کرپشن نے ایک بڑی کارروائی کی اطلاع دی اور راوی دریا کی زمین پر بنائی گئی غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک کو گرفتار کرلئے جانے کی تصدیق کر دی۔

 اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ حکام نے لاہور میں دریا کی زمین پر غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے والے ملزم خوشی محمد کو گزشتہ مہینے کے تیسرے ہفتے گرفتار کر لیا تھا۔

اس نے دریا ئے راوی کے بیڈ کے اندر تقریباً 12 ہزار کنال زمین پر پلاٹ بنا کر شہریوں کو دھوکے سے فروخت کیے۔ راوی میں آنے والے حالیہ سیلاب میں اس غیرقانونی ہاؤسنگ سکیم کے تمام گھر سیلابی پانی میں ڈوب گئے۔ اس سوسائٹی میں ہزاروں لوگ گھر بنا چکے تھے لیکن سوسائٹی کے مالک نے وہاں سیوریج اور کسی قسم کا بنیادی ڈھانچہ اب تک تعمیر نہیں  کروایا تھا۔

اینٹی کرپشن حکام نے انکشاف کیا کہ عین دریا کے اندر بنائی گئی یہ نام نہاد ہاؤسنگ سوسائٹی کسی بھی ادارے سے منظور شدہ نہیں ہے۔

اینٹی کرپشن حکام نے ایل ڈی اے سے دریا پر قائم غیرقانونی ہاؤسنگ سکیمز کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ اینٹی کرپشن حکام بتا رہے ہیں کہ دریا کے رقبہ پر تعمیرات کرنے میں ملوث افراد کے خلاف اب  بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریاؤں کی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بنانے کی ہرگز اجازت نہیں اس کے باوجود تعمیرات ہوئی ہیْں اور بہت بڑے پیمانہ پر ہوئی ہیں۔