سٹی42:عین اس وقت جب بھارت سے چار دریاؤں میں چھوڑے گئے سیلاب کے بڑے ریلے مل کر سندھ پہنچیں گے، سندھ میں شدید بارشیں بھی شروع ہو جائیں گی۔
پاکستان میٹیریولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے سندھ میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ نے سندھ، مشرقی پنجاب، بلوچستان، کشمیر، کے پی کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے مطابق بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش سے بارش برسانے والا ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا۔
6 ستمبر سے 9 ستمبر تک حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، تھرپارکر ودیگر شہروں میں بارشوں کا امکان ہو گا۔ میٹ ڈیپارٹمنٹ نے ان دنوں کے دوران سندھ کے چند مقامات پر موسلا دھار اور شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پنجاب میں کہاں کہاں بارش ہوگی
6 ستمبر سے 8 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکٹ، نارووال، اوکاڑہ، ملتان، ڈی جی خان میں بارش کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونےکاامکان ہے۔ ڈیرہ غازہ خان اور قریبی علاقوں میں بھی بارش ہو گی۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 7 ستمبر سے 9 ستمبر تک بلوچستان کےمشرقی اور جنوبی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ان تین دنوں کے دوران مزید بارش سے کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
7 سے 9 ستمبر تک دیر، سوات، باجوڑ، بونیر، صوابی، پشاور کےعلاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے حکام نے سیلاب کے ریلوں کی اپ ٹو ڈیٹ صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں پنجند سے سیلابی ریلا داخل ہوگا، اس وقت کئی مقامات پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔




