سٹی 42: فیلڈ مارشل نے جنوبی وزیرستان میں مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورت حال و آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا،وانا آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے شہداء کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد قرار دیا، فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی ماحول، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، آپریشن غضب لِلحق اور پاک افغان سرحدی پیش رفت اور بارڈر مینجمنٹ اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات و گفتگو کی، فیلڈ مارشل نے پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا اور سرحدی جھڑپوں کے دوران افواج کی ثابت قدمی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو قابل تحسین قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ افغان سرزمین کا فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ناقابل قبول ہے، فیلڈ مارشل نے سرحد پار سے درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ امن اسی صورت ممکن ہوگا جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں، فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور استقامت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔