سٹی 42 : آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں آئین میں ترمیم اور اصلاحات کو عوام کے منتخب نمائندوں کا اختیار تسلیم کیا گیا ہے۔ آج مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کےاجلاس میں پاکستان میں مقیم مہاجرین کی آزاد کشمیر اسمبلی میں نمائندگی کو تاریخی اور آئینی حقیقت قرار دینے کی قرارداد منظور کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا ، آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ قاسم مجید نے قرارداد پیش کی جس میں آئینی اصلاحات کو عوام کے منتخب نمائندوں کا خصوصی اختیار اور مینڈیٹ تسلیم کیا گیا ۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے سچ اپنے مفادات کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ محبت ، کلمے اور مفادات کی بنیاد پر ہے ۔جب سے یہ حکومت پیپلزپارٹی کو ملی ہے ہم نے روزانہ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے جاگ کر عوام دوست پالیسیوں کو اپنایا۔ لوگوں کے ساتھ رابطے کو بحال کیا، وزیراعظم کے دروازے کھولے ۔ اس نظام کو ہم سب نے ملکر بنایا ہے ، دونوں اطراف کے لوگ ہمارے اپنے ہیں ۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا، آزاد کشمیر میں سیاحت کا پوٹینشل موجود ہے ۔ لوگ کشمیر کی خوبصورتی کو دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ ہم سیاحت کو مزید فروغ دیں گے۔ہم اپنے وسائل اور پوٹینشل پر فوکس کریں تو یہ ریاست بہت آگے جاسکتی ہے۔ انہوں نے قانون ساز اسمبلی کو بتایا کہ مختصر وقت میں ہم نے 98 فیصد معاملات حل کر لئے ہیں ۔ آزاد کشمیر میں خاص طور سے لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں بھی سہولیات موجود ہیں۔اس کے برعکس پاکستان کے مختلف علاقوں میں لوگ آج بھی سہولتوں کے بغیر نظر آئیں گے ۔ آج بھی ریاست کے اندر 3 روپے بجلی مل رہی ہے۔