عرفان ملک: لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈانس پارٹیوں اور مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرنے والے ایک مبینہ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شادمان پولیس نے خفیہ اطلاع پر شادمان کچی آبادی میں چھاپہ مار کر چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق ملزمان نے کچی آبادی میں ایک گھر کرائے پر حاصل کر رکھا تھا، جسے منشیات ذخیرہ کرنے اور سپلائی کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
اسد علی نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان علاقہ غیر سے منشیات لاہور منگواتے اور اپنے اڈے سے مختلف مقامات تک پہنچاتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان آن لائن آرڈرز وصول کرتے تھے اور ڈانس پارٹیوں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 10 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان میں علی شیر، احمد، ظہیر اور جہانگیر شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے تاکہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان اور روابط کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔