ثمرہ فاطمہ: سورج کی تپش کے باعث شہر میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔ شہر میں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس سے موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کل شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب آج شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
جمعے کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دالبندین، جیکب آباد، دادو میں درجہ حرارت 44، سکھر43، ملتان، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، چلاس 41، مظفرآباد 39، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، گلگت میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔