سٹی 42: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں جو بھی بڑا منصوبہ نظر آئے گا اس کے پیچھے مسلم لیگ (ن) کا نام ہوگا، ن لیگ کے دور میں ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی۔
ان خیالات کا اظہار رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران کیا، کہا کہ فیصل آباد میں سڑک اور گیس کے متعدد منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اور جو جائز کام ہے وہ ہر پاکستانی کا حق ہے جبکہ عوام کی خدمت کرنا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 29 کلو میٹر طویل سڑک کی منظوری دی گئی ہے جس سے آمد و رفت میں آسانی ہوگی اور ایک ارب روپے کی لاگت سے بننے والی اس سڑک پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سوئی گیس ملک میں ختم ہو رہی ہے جس کے باعث حکومت نے قطر سے گیس کا معاہدہ کیا ہے، آر ایل این جی سوئی گیس سے مہنگی ہے جس کی وجہ سے بل زیادہ آئیں گے تاہم آر ایل این جی اس گیس سلنڈر سے سستی ہے جو عوام استعمال کر رہے ہیں،30 دیہات میں سوئی گیس کے افتتاح کیے جائیں گے اور جنہوں نے ووٹ دیا یا نہیں دیا، سب سوئی گیس کنکشن لگوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ حق تلفی نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کی انتقامی کارروائی کی جائے گی،فیصل آباد کے بڑے منصوبے جیسے چلڈرن ہسپتال اور یونیورسٹی ن لیگ کے ادوار میں بنے۔ انہوں نے کہا کہ دشمنی یا ذاتی عناد پر کارروائی نہیں کی جاتی تاہم معاشرے کے ناسوروں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی، علاقہ غیر سے آنے والے آئس سمیت دیگر نشے پھیلانے والوں کے لیے کوئی رحم نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے منصوبے آگے بڑھیں گے، کمیاں دور ہوتی جائیں گی، بچیوں کا کالج اسی سال مکمل ہوگا اور اپنا چھت سکیم آن لائن اپلائی کرنے سے ملتی ہے، بجلی اور گیس کے منصوبے مرکزی حکومت متعارف کروا رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ خان نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 4 سالوں میں کچھ بھی نہیں کروایا گیا، سوشل میڈیا پر گالی گلوچ بریگیڈ بنائی گئی اور اوئے توئے کا کلچر متعارف کروایا گیا، ان کے خلاف ایسا مقدمہ بنایا گیا جس کی سزا سزائے موت ہے، اگر سزا مل رہی ہے تو یہ مظلومیت نہیں بلکہ مکافات عمل ہے کیونکہ نفرت کا بیج بویا گیا۔
رانا ثنا اللہ نےکہاکہ ان لوگوں کے خلاف کیس بنانے کا ہمارا کوئی ایجنڈا نہیں،میرےخلاف درج مقدمے کا کوئی تک نہیں بنتا تھا،میرے خلاف ایسا مقدمہ بنا جس کی سزا سزائے موت ہے،یہ مکافات عمل ہے اگر سزا مل رہی ہے تو یہ مظلومیت نہیں ہے نفرت کا بیج بویا گیا۔انہوں نے کہا کہ خدمت ہمارا منشور ہے اور نواز شریف نے خدمت کی سیاست کا رواج ڈالا۔ن لیگ کے دور میں امن و امان بہتر ہوا اور مجرموں کے لیے ریاست کی طرف سے کوئی نرمی نہیں ہونی چاہیے۔