سٹی 42: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی) کے اجلاس میں اہم مالی اور ترقیاتی فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان ٹیلی وژن ( پی ٹی وی) کے لیے فنڈز کی فراہمی اور سیالکوٹ، کھاریاں ایم-12 موٹروے منصوبے کی مالی معاونت کی منظوری بھی شامل ہے۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے رواں مالی سال کے لیے پی ٹی وی کو 13 ارب روپے فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ فنڈز ہر سہ ماہی میں 3 ارب 25 کروڑ روپے کی اقساط کی صورت میں جاری کیے جائیں گے۔
کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ دو ماہ کے اندر پی ٹی وی کی مالی پائیداری سے متعلق ایک جامع منصوبہ تیار کرکے پیش کیا جائے تاکہ ادارے کی مالی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں سیالکوٹ، کھاریاں ایم-12 موٹروے منصوبے کی مالی معاونت کی بھی منظوری دی گئی۔ اس سلسلے میں 27.62 ارب روپے کی خودمختار ضمانتوں اور 6.944 ارب روپے کے آپریشنل وائبلٹی گیپ فنڈ (VGF) رول اوور کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ایم-12 موٹروے منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔