سٹی 42: نیب کی سال 2026 کی دوسری سہ ماہی کی کارکردگی رپورٹ جاری ہوگئی ۔
نیب کے مطابق سال 2026ء کی دوسری سہ ماہی میں نیب نے 2.45 ٹریلین روپے (2,452 ارب روپے) کی ریکارڈ ریکوری کی۔
نیب کا 2026ء کی ششماہی ریکوری کا کل حجم بڑھ کر 5.41 ٹریلین روپے (5,414 ارب روپے)ہو گیا، جو اب تک کی تاریخ کی سب سے بڑی ششماہی ریکوری ہے ۔ مارچ 2023 سے جون 2026 کے دوران نیب کی کل ریکوریز کا حجم 16.94 ٹریلین روپے (16,938 ارب روپے) تک پہنچ گیا ہے۔
دوسری سہ ماہی کے دوران بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد (ICT) میں کل 10,78,283 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔ ہاؤسنگ اور مالیاتی فراڈ کے مقدمات میں 24,365 سے زائد متاثرہ افراد کو 42.303 ارب روپےکی خطیر رقم اور اثاثے واپس دلائے گئے۔نیب سکھر نے بورڈ آف ریونیو سندھ اور سیکرٹری جنگلات کے تعاون سے این ایچ اے، جنگلات اور آبپاشی کے محکموں کی 8,53,678 ایکڑ زمین (مالیت 1.01 ٹریلین روپے )بازیاب کر کے صوبائی حکومت کے نام منتقل کی۔ نیب بلوچستان نے کوسٹل ہائی وے، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GIEDA) اور ہنگول نیشنل پارک جیسے قدرتی ذخائر پر مشتمل 2,09,544 ایکڑ جنگلات کی زمین مالیت 604.64 ارب روپے بازیاب کی۔
نیب کراچی نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور افراد کو غیر قانونی طور پر الاٹ شدہ 11,422 ایکڑ سرکاری زمین مالیت 467.11 ارب روپے بازیاب کی۔ نیب لاہور نے پی سی بی ایل اور دیگر سرکاری نوعیت کی 1,909 ایکڑ زمین مالیت 288.29 ارب روپے قبضہ واگزار کرائی۔ نیب( اسلام آباد / راولپنڈی) نے سی ڈی اے کے فلاحی پلاٹوں پر مشتمل 810 ایکڑ زمین مالیت 66.63 ارب روپے مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے واگزار کرائی۔ نیب ملتان نے 920 ایکڑ سرکاری زمین مالیت 2.76 ارب روپے بازیاب کی۔نیب مکمل کاغذی کارروائی سے پاک ای-آفس اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی تحقیقاتی نظام کی جانب پیش قدم ہے ۔