زاہد چودھری: میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان کے سلسلے میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
یو ایچ ایس کے مطابق ایڈمٹ کارڈز 6 اگست سے جاری کیے جائیں گے، جنہیں امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔
یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ ایڈمٹ کارڈ اور اصل شناختی دستاویز کے بغیر کسی امیدوار کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔
امیدواروں کو اصل شناختی کارڈ، جوینائل کارڈ یا اصل پاسپورٹ میں سے کوئی ایک دستاویز ساتھ لانا لازمی ہوگا، جبکہ ب فارم، برتھ سرٹیفکیٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کی بنیاد پر امتحانی مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یو ایچ ایس کے مطابق امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ یا ڈیجیٹل واچ اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ امیدوار صرف شفاف کلپ بورڈ، نیلی سیاہی والے دو بال پوائنٹ پین اور پانی کی شفاف بوتل ساتھ لا سکیں گے۔
یونیورسٹی نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ گائیڈ لائنز پر مکمل عمل کریں تاکہ امتحانی عمل شفاف اور منظم انداز میں مکمل ہو سکے۔