روزینہ علی: محکمہ موسمیات نے پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں06 سے 09 اپریل ، خیبر پختونخوا میں05 سے 09اپریل اور بلوچستان میں 05 سے 07 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جبکہ سندھ میں 6 تا 7 اپریل ہلکی تا معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں 9 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کا سبب بنے گا ، پنجاب اور اسلام آباد میں 06 سے 09 اپریل کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ راولپنڈی ،مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور لاہور میں بھی بارش کی توقع کی جارہی ہے ۔
گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین ،فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 05 سے 09 اپریل کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے، جہاں پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان،ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، مالاکنڈ، چترال اور باجوڑ میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے امکانات موجود ہیں۔
پیشگوئی کے مطابق مغربی ہواوں کا ایک اور سلسلہ 5 اپریل کی رات سے جنوبی بلوچستان میں داخل ہوگا جبکہ 05 سے 07 اپریل کے دوران بلوچستان کےعلاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، خضدار، لسبیلہ، گوادر، تربت اور پنجگور میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے گلگت بلتستان اور کشمیر میں 06 سے 09 اپریل کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے جبکہ بارش کے دوران تیز آندھی اور ژالہ باری بھی متوقع بتائی گئی ہے۔
6 تا 7 اپریل کراچی سمیت سندھ میں ہلکی تا معتدل بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ،شہر میں اس دوران گرج چمک ، آندھی اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
دوسری جانب حکام نے کاشتکاروں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اورشہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کے ساتھ کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور درختوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہےجبکہ سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں محتاط رہنے اور موسمی صورتحال سے آگاہ رہنےکا کہا گیا ہے۔
علاوہ ازیں تیز ہواؤں اور آندھی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی امکان ہے۔