مہوش حیات، ماہرہ خان کی عوام سے کورونا فنڈ کیلئے عطیات کی اپیل

مہوش حیات، ماہرہ خان کی عوام سے کورونا فنڈ کیلئے عطیات کی اپیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زین مدنی) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراﺅں مہوش حیات اور ماہرہ خان نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے قائم کردہ کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کیلئے عوام سے اپیل کردی۔

وزیراعظم کی اپیل پر خوبرو  اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میں اس فنڈ میں رقم دینے کا عہد کرتی ہوں، اداکارہ نے دوسرے لوگوں کو بھی اس کام کی ترغیب دیتے ہوئے لکھا جس کی جتنی بھی حیثیت ہو، عطیہ دے، اس کے عطیہ دینے سے فرق پڑے گا۔

تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ مہوش حیات  نے بھی فالوورز پر وزیراعظم عمران خان کے امدادی فنڈ میں عطیہ کرنے کی درخواست کی، اداکارہ مہوش نے لکھا کہ اس فنڈ میں عطیہ دینا ضروری ہے کیونکہ فرنٹ لائن میڈیکل سٹاف کوکورونا وائرس سے لڑنے کیلئے حفاظتی سازوسامان کی ضرورت ہے بصورت دیگر صورتحال تیزی سے خراب ہوگی۔

2 اپریل کو مہوش حیات نے سوشل میڈیا پراپنے ایک ویڈیو  پیغام میں کہاتھا کہ دنیا بھر میں اس عالمی وبا کورونا سے ہزاروں اموات کا خدشہ ہے، پاکستان کو اس وقت سب سے بڑے کورونا وائرس کے چیلنج کا سامنا ہے، شہری گھروں پر رہیں اور ہدایات پر عمل کریں، ہماری ذرا سی لاپرواہی لاتعداد زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 58ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 10لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے، ہزاروں کے لیے جان لیوا ثابت ہونے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہا ہے اور ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد تعداد  2583تک پہنچ گئی جبکہ ابھی تک 40 افراد  موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ107 افراد کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer