ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

8ویں جماعت تک طلبہ کو اے آئی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ظہران ممدانی کا اعلان

8ویں جماعت تک طلبہ کو اے آئی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ظہران ممدانی کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے 27۔2026 کے تعلیمی سال کیلئے نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں نئی اے آئی پالیسی کا اعلان کر دیا ۔ کے2 سے 8ویں جماعت تک طلبہ کو تعلیمی کاموں میں جنریٹو  اے آئی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ہائی اسکول میں  اے آئی محدود اور استاد کی نگرانی میں استعمال ہو سکےگا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے سب سے بڑے سرکاری سکولز  نظام نیویارک سٹی پبلک اسکولز نے طلبہ کلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی )کے استعمال پر ملک کی سخت ترین پالیسیوں میں سے ایک نافذ کردی ہے۔ میئر ظہران ممدانی اور اسکولز چانسلر کمار ایچ سمیولز نے بدھ کو اعلان کیا کہ 27۔2026 تعلیمی سال کے دوران کے 2ے 8 ویں جماعت تک طلبہ کیلئے تمام ایسے سافٹ ویئر پر ایک سال کی پابندی ہوگی جن میں طلبہ کے استعمال کے لیے جنریٹو  اے آئی شامل ہے۔ یہ فیصلہ تقریباً 6 لاکھ طلبہ کو متاثر کرے گا، جو شہر کے سرکاری اسکولوں کی کل تعداد کا تقریباً دو تہائی ہیں۔
نیویارک کے میئر  ظہران ممدانی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی موجودگی کا مطلب یہ نہیں کہ اسے ہر جگہ استعمال کیا جائے۔ ان کے مطابق بچوں کو اپنے اساتذہ اور ساتھیوں کے ساتھ رہ کر سیکھنے، سوال کرنے، مسائل حل کرنے اور مشکل کام خود کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ٹیکنالوجی کی صنعت چاہتی ہے کہ ہم یہ مان لیں کہ ابتدائی تعلیم میں اے آئی نہ صرف ناگزیر بلکہ ضروری ہے، ہم ایسا نہیں سمجھتے‘‘۔ ممدانی نے مزید کہا کہ انہیں ابتدائی اور مڈل اسکول طلبہ کے لیے اے آئی کے فائدہ مند ہونے کا قابلِ اعتماد ثبوت نہیں ملا، سوائے ایسی تحقیق کے جسے ان کمپنیوں نے اسپانسر کیا جو اس ٹیکنالوجی سے منافع کما سکتی ہیں۔ تاہم پابندی مکمل طور پر اے آئی سے لاتعلقی نہیں ہے۔ ہائی اسکول کے تمام طلبہ کو سال میں 2مرتبہ 45 منٹ کے اے آئی خواندگی کے اسباق دیے جائیں گے۔ ان میں طلبہ کو اے آئی کے کام کرنے کے طریقے، اس کی حدود، معلومات میں تعصب، ڈیٹا کی رازداری، غلط معلومات، اخلاقی خطرات اور مستقبل کی ملازمتوں پر اثرات کے بارے میں پڑھایا جائے گا۔ مقصد یہ ہے کہ طلبہ اے آئی پر انحصار کرنے سے پہلے اس کے نتائج کو تنقیدی نظر سے جانچ سکیں۔

 رپورٹس کے مطابق ہائی اسکولوں میں اے آئی کے عملی استعمال کیلئے 5 محدود آزمائشی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے، جن میں Quill، Edia، Brisk Teaching ، Playlab اور  Intel AI-Ready Schools شامل ہیں۔ ان پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ 50 ہزار طلبہ شامل ہوسکیں گے اور ہر اسکول میں زیادہ سے زیادہ 5کلاسوں تک انہیں محدود رکھا جائے گا۔ طلبہ کا اے آئی استعمال تربیت یافتہ استاد کی براہِ راست نگرانی میں ہوگا اور ہر طالب علم کیلئے ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 45 منٹ کی حد مقرر کی گئی ہے۔ ممدانی نے واضح کیا کہ ان آزمائشی پروگراموں میں Chat GPT ، Claude یا اسی نوعیت کے عمومی چیٹ بوٹس شامل نہیں ہوں گے۔نئی پالیسی کے تحت تمام جماعتوں میں ایسے ’’ساتھی چیٹ بوٹس‘‘ بھی ممنوع ہوں گے جو صارف کے ساتھ جذباتی یا تعلق پر مبنی رابطہ قائم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اساتذہ کو منظور شدہ اے آئی ذرائع تدریسی منصوبہ بندی اور انتظامی امور کیلئے استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، بشرطیکہ وہ اسکول نظام کے حفاظتی اور رازداری کے معیار پر پورے اتریں۔ معذور طلبہ، انگریزی سیکھنے والے طلبہ اور کمپیوٹر سائنس جیسے پیشہ ورانہ تیاری کے پروگراموں میں شامل طلبہ کیلئےضروری معاون ٹیکنالوجی کے استثنا بھی برقرار رہیں گے۔ اس کے ساتھ طلبہ کے انفرادی اسکرین استعمال کو بھی محدود کیا ہے۔ کے 2سے دوسری جماعت تک ون بائی ون  اسکرین استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ تیسری سے5 ویں جماعت کے لیے روزانہ زیادہ سے زیادہ 30منٹ اور چھٹی سے 8ویں جماعت کے لیے 45منٹ کی سفارش کی گئی ہے۔ اسکرین سے متعلق یہ حدیں معاون ٹیکنالوجی، تشخیصی امتحانات، روبوٹکس، کوڈنگ اور بعض منظور شدہ تدریسی سرگرمیوں پر لاگو نہیں ہوں گی۔

مقامی محکمہ تعلیم نے پہلے سے منظور شدہ 38ے زیادہ تعلیمی پروگراموں کے اے آئی اجزا بھی ختم یا غیر فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اگر وہ نئے حفاظتی اور نگرانی کے معیار پر پورے نہیں اترتے۔ ساتھ ہی ’’Technology in Schools Coalition‘‘ قائم کی جارہی ہے جس میں طلبہ، اساتذہ، والدین، ماہرین، وکلاء اور یونین نمائندے شامل ہونگے۔ یہ گروپ27۔2026  تعلیمی سال کے دوران پالیسی اور آزمائشی پروگراموں کے نتائج کا جائزہ لے گا اور اپریل 2027میں مستقبل کی پالیسی کیلئے سفارشات پیش کریگا۔یہ پالیسی ایسے وقت میں نافذ کی جارہی ہے جب نیویارک کے سرکاری اسکولوں میں نیا تعلیمی سال ۱۰؍ ستمبر سے شروع ہوگا۔ امریکہ میں کم از ۳۷؍ ریاستوں نے اسکولوں میں اے آئی کے استعمال سے متعلق رہنما اصول جاری کیے ہیں، تاہم اے آئی خواندگی کی کوئی متفقہ تعریف یا اسے پڑھانے کا یکساں طریقہ موجود نہیں۔