رانا آزر:پاکستان کرکٹ بورڈ کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے تحت ملک بھر میں سکول کرکٹ کو فروغ دینے کی سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے سلسلے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں خصوصی کوچنگ کلینک کا انعقاد کیا گیا ہے۔
کوچنگ کلینک میں 2 سکولوں سے تعلق رکھنے والے 30 نوجوان کھلاڑیوں نے قومی کرکٹرز کی زیرِ نگرانی تربیتی سیشن میں حصہ لیا۔ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، ابرار احمد اور شاہنواز دھانی نے کھلاڑیوں کو کھیل کے مختلف شعبوں میں مفید مشورے اور تکنیکی رہنمائی فراہم کی۔
شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دھانی نے نوجوان کھلاڑیوں کو فاسٹ باؤلنگ کی تکنیک اور اس کے مختلف گر سکھائے، جبکہ فخر زمان نے نیٹس میں بلے بازوں کی تکنیک کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں بیٹنگ بہتر بنانے کے حوالے سے مفید مشورے دیے۔ ابرار احمد نے کھلاڑیوں کو سپن باؤلنگ کے مختلف پہلوؤں اور اس کی تکنیک سے آگاہ کیا۔
پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کا دوسرا سیزن ستمبر کے تیسرے ہفتے سے شروع ہوگا۔ پروگرام کا دائرہ کار گزشتہ سال 39 اضلاع سے بڑھا کر 100 اضلاع تک کیا گیا، جبکہ دوسرے سیزن میں شامل سکولوں کی تعداد بھی 450 سے بڑھ کر 1400 ہوگئی ہے۔
مختلف تعلیمی ادارے پی سی بی کے ساتھ مل کر ملک میں سکول کرکٹ کو مضبوط بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔