سٹی42: ستمبر کے آخری ہفتے اور اکتوبر کے پہلے تین دن گرمی پڑنے کے بعد موسم نے ایک بار پھر پلٹا کھایا اور آج شب پاکستان کے کئی علاقوں میں بارش برسنے کا امکان پیدا ہو گیا۔
میٹ دیپارٹمنٹ نے کئی روز پہلے اس بارش کے پانچ اکتوبر سے شروع ہونے کی فورکاسٹ کی تھی۔ آج میٹ ڈیپارٹمنٹ کی روزانہ فورکاسٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش آج شب ہی شروع ہو رہی ہے۔ آئندہ تین سے چھ گھنٹے اہم ہیں۔
آج رات بارش کا کہاں کہاں امکان
میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ بالائی اور وسطی خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار ،شمال مشرقی اور وسطی پنجاب کے ساتھ سندھ میں بھی آج رات بادل آئیں گے۔ کئی علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کےدیگر علاقوں میں موسم خشک رہےگا تاہم گرمی کی شدت کم ہونے کا امکان ہے۔۔
ہفتہ کے روز موسم کیا رنگ دکھائے گا
میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے، گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر تیزبارش /ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ میٹ ڈیپارٹمنت نے ژالہ باری کا امکان ساٹھ فیصد بتایا ہے۔
خیبرپختونخوا کے پہاڑی اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور کے ساتھ وادیِ پشاور کے اضلاع پشاور، نوشہرہ، صوابی، اور مردان میں اس کے ساتھ بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، خیبر، اورکزئی ،ہنگو،کرک،بنوں ، وزیرستان اورکرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے شمالی اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، وسطی اضلاع حافظ آباد اور خوشاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ شام اور رات کے وقت لاہور، قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، میانوالی ، بھکر، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
بلوچستان صوبہ کے بیشتر اضلاع میں آج رات اور کل ہفتہ کے روز موسم گرم اورخشک رہے گا ۔ تاہم لسبیلہ، آوران اور مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ سمندر کے نزدیک کے علاقوں بدین، سجاول، کراچی، ٹھٹھہ میں مطلع جزوی ابرآلود رہنےکے ساتھ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنےکے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔