: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 5 اور 6 مئی کو نارووال میں دوسری انٹرنیشنل کانفرنس “ نارووال پیس ڈائلاگ 2026” کے عنوان سے منعقد کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں 20 بین الاقوامی مندوبین سمیت سابق وزیراعظم مراکش بھی شرکت کریں گے۔
احسن اقبال نے کہا کہ 6 مئی 2018 کو انتہا پسندی کا شکار ایک نوجوان نے ان کی جان لینے کی کوشش کی تھی، تاہم انہوں نے اس واقعے کو ایک مشن سمجھتے ہوئے ملک میں امن کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے نیشنل سطح پر کانفرنسز کا آغاز کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ آج دنیا میں تنازعات اور تصادم بڑھ رہے ہیں جبکہ امن کے سائے کم ہو رہے ہیں، جس سے ترقی پذیر ممالک زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، تنازعات کے حل کے لیے تصادم کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا ہوگا کانفرنس کا مقصد یہی ہے کہ اختلافات کو نفرت میں تبدیل نہ ہونے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن کمزوری نہیں بلکہ سب سے بڑی طاقت ہے، اور اسی سوچ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔