ویب ڈیسک: مظفرآباد سے گزشتہ ماہ زخمی حالت میں ریسکیو کیے گئے تیندوے کو مکمل صحتیابی کے بعد دوبارہ اس کے قدرتی ماحول میں واپس چھوڑ دیا گیا ہے، جسے محکمہ وائلڈ لائف ایک کامیاب ریسکیو اور بحالی آپریشن قرار دے رہا ہے۔
محکمہ جنگلی حیات کے مطابق یہ کامن لیپڈ تیندوا 5 اپریل کو تحصیل نصیرآباد کے علاقے میں آبادی کے قریب زخمی حالت میں پایا گیا تھا۔ مقامی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے ریسکیو کیا اور علاج کے لیے وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اسلام آباد منتقل کیا۔
بعد ازاں ماہرین کی نگرانی میں تیندوے کا طویل علاج کیا گیا، جہاں اسے ابتدائی طور پر گردن اور سر پر شدید زخموں کی وجہ سے تشویشناک حالت میں لایا گیا تھا اور وہ تقریباً ایک ہفتہ تک کوما میں بھی رہا۔
محکمہ وائلڈ لائف اوروائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اسلام آبادکی مشترکہ کوششوں سے جانور کی حالت بہتر ہونے پر اسے مکمل صحتیاب قرار دیا گیا اور پھر ماہرین کی ٹیم نے اسے اس کے قدرتی مسکن میں واپس چھوڑ دیا۔
سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات چوہدری فرید کے مطابق یہ تیندوا انسانی اور جنگلی حیات کے تصادم کا شکار ہوا تھا، تاہم بروقت ریسکیو اور علاج کے باعث اس کی جان بچائی جا سکی۔ انہوں نے متعلقہ ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔
ڈائریکٹر وائلڈ لائف عبدالشکور کٹاریا نے کہا کہ اگر مظفرآباد میں زخمی یا بیمار جنگلی جانوروں کے علاج کی جدید سہولت موجود ہو تو ایسے کئی جانوروں کی زندگی بچائی جا سکتی ہے۔
معالج ڈاکٹر ثنا کے مطابق تیندوا جب ادارے میں لایا گیا تو اس کی حالت انتہائی نازک تھی اور وہ ابتدائی دنوں میں بے ہوشی (کوما) کی کیفیت میں رہا، تاہم مسلسل علاج اور نگہداشت سے وہ صحت یاب ہوا۔