ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موسلادھار بارشیں اور ژالہ باری ، این ڈی ایم اےکیجانب سے وارننگ جاری

 موسلادھار بارشیں اور ژالہ باری ، این ڈی ایم اےکیجانب سے وارننگ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  نے ملک بھر میں آئندہ چند روز کے دوران شدید موسمی صورتحال کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کے مطابق ایک طاقتور موسمی سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جو گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں، ژالہ باری اور ممکنہ سیلابی صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق آج سے 5 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بعض مقامات پر اولے بھی پڑ سکتے ہیں۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بڑھنے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے سے برفانی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں شدید طغیانی پیدا ہو سکتی ہے۔

ممکنہ خطرے والے علاقوں میں پنجاب کے مختلف شہر جیسے مری، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال، جہلم، سیالکوٹ اور فیصل آباد شامل ہیں، جہاں بارشوں کے باعث ٹریفک اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی شدید بارشوں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں، اور اپنے مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ جگہوں پر منتقل کریں۔ مقامی انتظامیہ کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔