ویب ڈیسک : ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ میڈیا نے ہمارے ملاحوں کے مشن سے مدد طلب کرنے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے، ہم ان کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے ایکس پیغام جاری کیا ہے، انہوں نے لکھا کہ میڈیا نے ہمارے ملاحوں کے مشن سے مدد طلب کرنے کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے، یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے 15 ملاحوں سے رابطے میں ہیں، یہ ملاح بندر عباس میں ایک جہاز پر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں موجود ان کی پیرنٹ مالکانہ کمپنی سے بھی رابطے میں ہیں۔ ہم ان کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، امید ہے کہ ان کی واپسی آج یا زیادہ سے زیادہ کل تک مکمل ہو جائے گی ۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اہم بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ اس وقت بین الاقوامی میڈیا کی پوری توجہ ایران پر ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کو غزہ، مغربی کنارے میں نسل کشی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا موقع مل گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایران پر حملہ کر کے نیتن یاہو نے بین الاقوامی توجہ غزہ سے ہٹانے کی کوشش کی ہے۔