ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں سردی لوٹ آئی جب کہ بارش اور برف باری کی وجہ سے موسم کی شدت کے ساتھ ساتھ سیاحوں کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
پشاور سمیت خیبر پختون خوا میں گزشتہ رات ایک مرتبہ پھر سے وقفے وقفے سے بارش شروع ہوئی، جس سے موسم مزید ٹھنڈا ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 4 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور سرد ترین پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اُدھر دیر کے شہری علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، جس سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی۔

وادی کمراٹ، لواری ٹنل، شاہی بن شاہی، کلپانی، لڑم عشیرئی درہ اور دیگر بالائی علاقوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی سڑکیں بند ہو گئی ہیں جب کہ بارش اور برفباری کے بعد بجلی غائب ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاوہ ازیں رستم کے علاقے تحصیل بھر اور مضافاتی علاقوں گزشتہ شب سے بارش جاری ہے، مسلسل اور موسلادھار بارش سے موسم دوبارہ ٹھنڈا ہوگیا، سڑکوں اور نشیبی علاقے مسلسل بارش کی وجہ سے زیر آب آ چکی ہیں۔

دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں مارچ میں برفباری جاری ہے موسم انتہائی خوبصورت ہو گیا درجہ حرارت بھی کم ہو گیا سردی بھی زیادہ ہو گئی ہے،درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔