سٹی42: محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں، تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں، تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، اس پیش گوئی کے پیش نظر ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی ،مری ،گلیات،اٹک چکوال جہلم اور منڈی بہاوالدین میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی ہے، گجرات ،گجرانوالہ ،حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بارش کے امکانات ہیں، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں بھی بارش اور طوفان کی پیشگوئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہے گی، ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے، کسانوں کو بروقت احتیاطی تدابیر بارے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے، قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے محکمانہ کوآرڈینیشن ناگزیز ہے، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بجلی کی چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلی جگہوں پر مت جائیں۔