ویب ڈیسک: معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی نئی آئی فون 17 سیریز کی متوقع لانچ تاریخ اور قیمت سامنے آ گئی، آئی فون 17 سیریز کو ستمبر کی 11 سے 13 تاریخ کے درمیان متعارف کروانے جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز میں ایپل نے نئی A19 پرو چپ کا استعمال کیا ہے، جو 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے۔ اس جدید چپ کا مقصد فلیگ شپ ڈیوائسز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔
فون کے ڈیزائن میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس میں اس بار بیک سائیڈ پر موجود روایتی اسکوائر کیمرا سیٹ اپ کو ہٹا دیا گیا ہے۔ تاہم، فون کا سائز حسب سابق 6.9 انچ ہی برقرار رکھا گیا ہے۔
قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 17 کی ابتدائی قیمت 799 امریکی ڈالرز (تقریباً 2 لاکھ 26 ہزار 783 پاکستانی روپے) ہوگی۔ آئی فون 17 ایئر کی قیمت 899 ڈالرز (تقریباً 2 لاکھ 55 ہزار 161 روپے) مقرر کی گئی ہے۔
- آئی فون 17 پرو کی قیمت 1636 ڈالرز (تقریباً 4 لاکھ 64 ہزار 343 روپے) ہوگی جبکہ آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت 1928 ڈالرز (تقریباً 5 لاکھ 47 ہزار 233 روپے) تک ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ تمام قیمتیں امریکی مارکیٹ کے لیے ہیں، پاکستان میں ان پر کسٹمز ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز کی وجہ سے قیمتیں کافی زیادہ ہوں گی۔ صارفین کو اس حوالے سے اضافی لاگت کے لیے تیار رہنا ہوگا۔