اویس کیانی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ نے مہنگائی اور معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو ہدایت دی کہ وہ معاشی اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھیں اور انہیں بتائیں کہ اس حکومت کو معیشت تباہ کن حال میں ملی تھی جسے کافی حد تک بہتر کیا جا چکا ہے۔
وزیرخزانہ شوکت ترین کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ معیشت بہتر ہے اور اپوزیشن معاشی صورتحال پرحکومت پر تنقید کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو کسی صورت اثر انداز نہ ہونے دیں اور ہرحال میں عوام کو حقائق بتائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو آئندہ ماہ مہنگائی کی کمی کے حوالے سے بھی بتائیں۔
انہوں نے حکومتی ترجمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بتائِں کہ ان کا برانڈ وزیراعظم ہے جو چور ڈاکو نہیں۔ اپوزیشن اپنے چور، ڈاکو اور کرپٹ رہنماوں کو تحفظ دیتی ہے۔ اپوزیشن کو کسی صورت حاوی نہ ہونے دیں، انہیں آئینہ دکھائیں۔آپ کا لیڈر ان کے لیڈرز جیسا نہیں ہے۔
اس سے قبل وزیرخزانہ شوکت ترین نے اجلاس کو بتایا کہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے اور پاکستان میں نومبر کی نسبت دسمبر میں مہنگائی نیچے گئی ہے اور آئندہ مہینے مزید کمی ہو گی۔