جنید ریاض: آئندہ سال میٹرک کا امتحان دینے والے طلبا شدید پریشانی کا شکار ہو گئے، فوڈ اینڈ نیوٹریشن اور تاریخِ پاکستان کی کتابوں کی مارکیٹ میں قلت سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ اگرچہ دونوں مضامین کیلئے کورس آؤٹ لائن جاری کر چکی ہے تاہم مارکیٹ میں کتابوں کی عدم دستیابی نے طلبا کیلئے مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
طلبا اور والدین کا کہنا ہے کہ پورا سال گزر گیا اور امتحانات میں صرف 3 ماہ باقی رہ گئے ہیں لیکن دونوں مضامین کی کتابیں میسر نہیں، جس سے سینکڑوں طلبا کا سال ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
والدین کے مطابق انگلش میڈیم طلبا کیلئے دونوں مضامین کی کتابیں بالکل دستیاب نہیں جبکہ اردو میڈیم طلبا کو بھی اردو بازار سے پرانی کتابیں خریدنا پڑ رہی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ کتابیں 10 سال قبل پرنٹ کی گئی تھیں جس کے باعث مارکیٹ میں قلت پیدا ہو گئی ہے۔
والدین نے پیکٹاء سے فوری طور پر کتابوں کی پرنٹنگ کا مطالبہ کیا ہے اور کہا کہ طلبا کو باآسانی کتب تک رسائی فراہم کی جائے کیونکہ صرف کورس آؤٹ لائن جاری کر دینا مسئلے کا حل نہیں۔