طاہر جمیل:ستھرا پنجاب ایجنسی کی صفائی ٹیمیں شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے متحرک ہیں۔ سی ای او شہریار عارف خان کی ہدایت پر سمن آباد ٹاؤن میں خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے مطابق سمن آباد ٹاؤن میں صفائی کے لیے 1,400 ورکرز اور 300 آپریشنل گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ ویسٹ کلئیرنس آپریشن کے تحت علاقے کے 32 ہاٹ سپاٹ مقامات سے کوڑا کرکٹ صاف کیا جا رہا ہے۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے بتایا کہ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے لیے سمن آباد ٹاؤن میں 280 لوڈر رکشے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، تاکہ ویسٹ کلیکشن کا عمل بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق گلشنِ راوی، یتیم خانہ چوک اور بابو صابو میں خصوصی صفائی آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ کریم بلاک، مون مارکیٹ، ایوبیہ مارکیٹ اور اچھرہ بازار کے اطراف خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں۔
اسی طرح چوبرجی، سمن آباد، ملتان روڈ، جی او آر ٹو اور اسلامیہ پارک سمیت مختلف علاقوں میں بھی صفائی ستھرائی اور ویسٹ کلئیرنس کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ تعلیمی اداروں، رہائشی علاقوں اور کمرشل مارکیٹس کے اطراف بھی صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی ای او شہریار عارف خان نے کہا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، جبکہ صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے شہر بھر میں خصوصی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔