عابد چودھری:قومی شاہرات و موٹرویز کے سنٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سڑکوں پر پھسلن بڑھ گئی ہے اور ڈرائیورز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے موٹروے ایم 2 پر لاہور، کوٹ مومن، پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ کے علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم 3 پر شرقپور، ننکانہ صاحب اور جڑانوالہ جبکہ موٹروے ایم 11 پر بھی بارش رپورٹ کی گئی ہے۔
مزید برآں سنٹرل زون کی قومی شاہراہوں کے سیکٹر 1، 2 اور 3 کے مختلف شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن سید عمران احمد نے روڈ یوزرز سے اپیل کی ہے کہ وہ دورانِ سفر رفتار کم رکھیں اور دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈرائیورز اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور محتاط انداز میں گاڑی چلائیں، خاص طور پر بارش کے دوران غیر ضروری جلد بازی سے بچیں۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ سفر سے قبل موسمی صورتحال کا جائزہ لیں اور دورانِ سفر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔