حسن علی:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔
پارٹی رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست عوام کی زندگیوں کو متاثر کرے گا۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ آج حکومتی ترجمان اس اضافے کے حق میں مختلف دلائل دیتے نظر آئیں گے، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں اور عوام پہلے ہی شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا ک اس فیصلے سے خاص طور پر کاشتکار طبقہ مزید مشکلات کا شکار ہوگا جبکہ عوامی بے چینی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق زرعی لاگت بڑھنے سے خوراک کی قیمتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے پروٹوکول، عیاشیوں اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کرے تاکہ عوام پر بوجھ کم کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔