عرفان ملک: شاہدرہ پولیس نے سنیپ چیکنگ کے دوران مبینہ ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ چوکی بیگم کے اہلکاروں نے سنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر مبینہ طور پر سیدھی فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا، اس دوران ملزمان مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ کچا راستہ اور تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سوار ملزمان اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے گرنے کے بعد ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جسے پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ذیشان عرف شانی کے نام سے ہوئی ہے، جو ڈکیتی، چوری اور چھینا جھپٹی سمیت 38 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ نکلا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے دورانِ تفتیش گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کی جانے والی 10 سے زائد مزید وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
زخمی ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔